Baaghi TV

نامور کامیڈین عابد چارلی شدید بیمار، اہلیہ کی پنجاب حکومت سے مدد کی اپیل

سٹیج اور ٹی وی کے معروف کامیڈین اداکار محمد صدیق المعروف عابد چارلی شدید علیل ہوگئے ہیں۔ فالج کا حملہ ہونے کے بعد انہیں لاہور کے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

55 سالہ عابد چارلی گزشتہ دو ماہ سے علالت کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم فالج کے حالیہ حملے کے بعد ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی ہے۔ اہلخانہ کے مطابق اداکار کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں مسلسل طبی نگہداشت کی ضرورت ہے۔

عابد چارلی نے اپنے طویل فنی سفر کے دوران سیکڑوں اسٹیج ڈراموں اور ٹی وی پروگراموں میں کام کیا اور اپنی منفرد مزاحیہ اداکاری کے ذریعے شائقین میں مقبولیت حاصل کی۔

ان کی اہلیہ کے مطابق شوہر کی طبیعت کافی عرصے سے خراب ہے اور فالج کے بعد علاج کے اخراجات برداشت کرنا خاندان کے لیے مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے حکومت پنجاب اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ عابد چارلی کے علاج کے لیے سرکاری سطح پر مکمل سہولیات فراہم کی جائیں اور مالی معاونت بھی کی جائے۔

More posts