گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز کے اختتام پر پاکستانی باکسنگ ٹیم کی وطن واپسی کے دوران ایک پاکستانی باکسر کے مبینہ طور پر ٹیم سے الگ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے باکسر قدرت اللہ پاکستان واپس آنے والی پرواز میں سوار نہیں ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو کامن ویلتھ گیمز کے اختتام کے بعد پاکستانی باکسنگ ٹیم گلاسگو سے وطن واپس روانہ ہوگئی، تاہم قدرت اللہ ٹیم کے دیگر ارکان کے ہمراہ جہاز میں موجود نہیں تھے، جس کے بعد ان کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) ناصر تونگ نے اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی باکسر کے لاپتا ہونے کی باضابطہ اطلاع نہیں ملی۔ تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ قدرت اللہ نے پاکستان واپس آنے سے گریز کیا ہے۔
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی جانب سے واحد تمغہ خاتون باکسر فاطمہ زہرا نے کانسی کا تمغہ جیت کر حاصل کیا، جبکہ مرد باکسرز کوئی نمایاں کامیابی حاصل نہ کر سکے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی بین الاقوامی ایونٹ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے مبینہ طور پر غائب ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہوں۔ اس سے قبل 2022 کے کامن ویلتھ گیمز کے دوران بھی انگلینڈ میں پاکستانی باکسنگ ٹیم کے دو باکسر مبینہ طور پر روپوش ہوگئے تھے۔تاہم قدرت اللہ کے معاملے پر پاکستان باکسنگ فیڈریشن یا متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
