Baaghi TV

دفتر کا ماحول جلد اور بالوں پر اثر اندازہو رہا، خاتون کا دعویٰ

دفاتر وہ جگہیں ہیں جہاں لوگ اپنے دن کا بڑا حصہ گزارتے ہیں، لیکن کیا دفتر کا ماحول ہماری جلد اور بالوں پر اثر ڈال سکتا ہے؟ ایک خاتون کے مطابق، اس کا جواب ہاں میں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوا ڈونلن نامی خاتون نے "آفس ایئر” کے جلد، بالوں اور مجموعی ظاہری شکل پر اثرات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صبح اٹھنے پر ان کی جلد تازہ محسوس ہوتی ہے، لیکن دن کے اختتام تک اس کی حالت خراب ہو جاتی ہے۔انہوں نے بتایا، "چار سال پہلے جب میں نے کل وقتی ملازمت شروع کی تو یہ بات واضح ہونا شروع ہوئی۔ میں گھر سے تیار ہو کر نکلتی تھی، لیکن دوپہر تک دفتر کے واش روم کے آئینے میں خود کو دیکھتی تو جلد خشک، بال چکنے اور بے جان ہو چکے ہوتے تھے، اور میں خود کو پہلے جیسا محسوس نہیں کرتی تھی۔”نوا کے مطابق، یہ مسئلہ اس قدر نمایاں تھا کہ وہ خود سے سوال کرنے لگیں کہ کیا وہ واقعی ایسی ہی نظر آتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دفتر تبدیل کرنے کے باوجود یہ مسئلہ برقرار رہا۔انہوں نے مزید کہا، "ہم پہلے ہی جانتے ہیں کہ خراب ہوا کی گردش اور زیادہ دیر بیٹھے رہنا جسمانی اور ذہنی صحت پر منفی اثر ڈالتا ہے، لیکن مجھے لگنے لگا کہ میں اس کا اثر حقیقی وقت میں اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ رہی ہوں۔”

نوا نے اس موضوع پر ویڈیوز بنانا شروع کیں، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ متعدد صارفین نے بھی اسی طرح کے تجربات شیئر کیے۔ ایک صارف نے لکھا، "بغیر کسی وجہ کے آنکھیں سرخ ہو جاتی ہیں۔” جبکہ دوسرے نے کہا، "دوپہر تک میں بیمار وکٹورین بچے جیسا لگنے لگتا ہوں۔”

ماہرین کے مطابق، دفتر کے ماحول میں ایئر کنڈیشننگ اور کم نمی کی وجہ سے جلد میں خشکی، بے رونقی اور جلن پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ بال بھی خشک اور بے جان ہو سکتے ہیں۔اس کے علاوہ فضائی آلودگی میں موجود ذرات جیسے PM2.5، نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ اور اوزون جلد میں داخل ہو کر آکسیڈیٹو اسٹریس اور سوزش پیدا کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں جھریاں، باریک لکیریں، کیل مہاسے، ایگزیما اور سورائسس جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ طویل عرصے تک آلودہ ماحول میں رہنے سے جلد کی قبل از وقت بڑھاپا اور حتیٰ کہ جلد کے کینسر کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

More posts