اسلام آباد: سانحہ پمز کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس، پارلیمنٹ لاجز اور ایم این اے ہاسٹل سمیت اہم عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
اس سلسلے میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو خط ارسال کردیا گیا ہے، جس میں متعلقہ عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات کا فوری جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس، لاجز اور ایم این اے ہاسٹل میں فوری طور پر آزمائشی مشقیں شروع کی جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ہنگامی اخراج کے راستوں کی نشاندہی، ان کی دستیابی اور مناسب رہنمائی کے انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔اس کے علاوہ وزیراعظم چیمبر سمیت پارلیمنٹ ہاؤس کی پوری عمارت میں آگ سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے، فائر سیفٹی آلات کی جانچ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر نظام یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فائر سیفٹی آڈٹ کا مقصد کسی بھی ممکنہ آتشزدگی کی صورت میں جانی نقصان سے بچاؤ اور فوری انخلا کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
