کراچی میں ملیر ہالٹ انڈرپاس منصوبے کی راہ ہموار ہوگئی، وزیر ریلوے حنیف عباسی نے منصوبے کی تعمیر کے لیے این او سی فوری جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کے درمیان ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ اور چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں کراچی سرکلر ریلوے اور سب اربن ٹرین سروس کی بحالی پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ کراچی سے روہڑی اور کراچی سے جیکب آباد نئی ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کو فوری طور پر مؤثر اور سستی پبلک ٹرانسپورٹ کی اشد ضرورت ہے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ریلوے نظام کو جدید اور قابلِ اعتماد بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔چیف سیکرٹری نے اجلاس کو بتایا کہ سندھ حکومت ملیر ہالٹ پر انڈرپاس تعمیر کرنا چاہتی ہے، تاہم ریلوے کی جانب سے این او سی میں تاخیر کے باعث منصوبہ شروع نہیں ہو سکا۔اس پر وزیر ریلوے نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملیر ہالٹ انڈرپاس کی تعمیر کے لیے این او سی جاری کرنے کی ہدایت جاری کر دی، جس سے منصوبے پر جلد کام شروع ہونے کی توقع ہے۔
