Baaghi TV

دہشتگردوں اور ان کے ہینڈلرز کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر پوری قوم کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ کسی حقوق کی جدوجہد کا نام نہیں، یہ بیرونی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگردی ہے جس کا ہدف بلوچستان کے اپنے لوگ اور پاکستان ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ عناصر نہ ترقی برداشت کرتے ہیں نہ امن، اسی لیے وہ مزدوروں، مسافروں اور عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، ایسے عناصر ترقی کے منصوبوں اور روزگار کے مواقع تباہ کرنا چاہتے ہیں، اور سی پیک جیسے منصوبوں کے خلاف سازش کرتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہاکہ یہ گروہ منظم مجرمانہ نیٹ ورکس، منشیات پر چلنے والی معیشت، بھتہ خوری اور اسمگلنگ سے مالی مدد لیتے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے دہشتگردی کی تشہیر اور نوجوانوں کی بھرتی کرتے ہیں،ریاست پُرعزم ہے، ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مورال بلند ہے، اور ہم دہشتگردوں، سہولت کاروں اور بیرونی ہینڈلرز سب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کی جانب سے کیے گئے حملے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیے ہیں، اور دو روز میں اب تک 108 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے، دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے 10 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

More posts