Baaghi TV

کشمیری احتجاج کو ختم کرکے بامقصد مذاکرات کا راستہ اختیار کریں،نواز شریف

nawaz

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر اور پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران نواز شریف نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مسئلہ کشمیر کے حوالے سے واضح اور دوٹوک مؤقف رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کے آئینی و بنیادی حقوق اور خطے کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دی ہے۔نواز شریف نے حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے آزاد کشمیر کے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے نظریاتی اور فکری رشتے کو برقرار رکھتے ہوئے پرامن رہیں، دھرنوں اور احتجاجی سرگرمیوں کو ختم کرکے بامقصد مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کے عوام، حکومت پاکستان، آزاد کشمیر حکومت اور تمام سیاسی جماعتیں مل کر خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کردار ادا کریں گی۔اجلاس میں نواز شریف نے کہا کہ ہمیں بھائی چارے، برداشت اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا چاہیے۔ کشمیری عوام نے پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں جبکہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھتے ہوئے ان کا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت پاکستان اور ملکی دفاعی اداروں نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس لیے کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بننا چاہیے جس سے دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو تقویت ملے۔

اجلاس کے شرکاء نے آزاد کشمیر میں حالیہ واقعات کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومین کی مغفرت کے لیے دعا کی۔اس موقع پر نواز شریف نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں انتخابی مہم مؤثر انداز میں چلانے پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی خدمات کو بھی سراہا۔

More posts