اماراتی ائیرلائن کے ایک کارگو طیارے نے دورانِ پرواز انجن میں خرابی پیدا ہونے کے بعد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کامیاب ہنگامی لینڈنگ کی۔ بروقت کارروائی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور طیارہ بحفاظت رن وے پر اتار لیا گیا۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے ذرائع کے مطابق کارگو طیارہ جاپان کے شہر اوساکا سے دبئی جا رہا تھا کہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد اس کے ایک انجن میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال کو بھانپتے ہوئے طیارے کے کپتان نے فوری طور پر کراچی ائیر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے رابطہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ اے ٹی سی نے فوری کلیئرنس فراہم کی، جس کے بعد پرواز EK9801 نے تمام حفاظتی ضوابط کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔
پی اے اے حکام کے مطابق لینڈنگ کے بعد طیارے کو معائنے کے لیے مخصوص مقام پر منتقل کر دیا گیا، جہاں انجینئرنگ ٹیم فنی خرابی کا جائزہ لے رہی ہے۔ ابتدائی طور پر کسی مسافر یا عملے کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی کیونکہ یہ ایک کارگو پرواز تھی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گزشتہ ہفتے شارجہ سے کراچی آنے والی پاکستان کی ایک نجی کارگو پرواز حادثے کا شکار ہوئی تھی، جس میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔ حالیہ ہنگامی لینڈنگ نے ایک بار پھر فضائی حفاظت اور بروقت تکنیکی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کر دیا ہے۔
اماراتی کارگو طیارے کی کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ
