Baaghi TV

فریال گوہر کا یاسر عرفات کے پائلٹ سے منگنی کا دعویٰ

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ماضی کی معروف اداکارہ فریال گوہر نے اپنی زندگی کی سچی محبت اور اس سے جڑے ایک افسوسناک واقعے کا انکشاف کیا ہے۔

ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فریال گوہر نے بتایا کہ وہ اپنی زندگی کی محبت سے منگنی کرچکی تھیں، جو فلسطینی شہری اور سابق فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے پائلٹ تھے۔اداکارہ کے مطابق ایک مرتبہ دورانِ پرواز ان کے منگیتر کا طیارہ شدید ریت کے طوفان میں پھنس گیا۔ طیارے میں اتنا ایندھن بھی موجود نہیں تھا کہ باآسانی محفوظ لینڈنگ کی جاسکے۔ اس دوران ان کے منگیتر نے یاسر عرفات کو طیارے کے باتھ روم میں منتقل کرکے انہیں محفوظ کیا اور دروازہ سیل کردیا۔فریال گوہر نے بتایا کہ یاسر عرفات کی جان بچانے کے لیے ان کے منگیتر نے طیارے کو انتہائی خطرناک انداز میں نیچے کی جانب موڑا، تاہم اس کوشش کے دوران وہ خود شدید متاثر ہوئے اور جان کی بازی ہار گئے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ المناک واقعہ ان کی شادی سے صرف دو ہفتے قبل پیش آیا۔ ان کے منگیتر کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی انتقال کرگئے۔فریال گوہر نے بتایا کہ ان کے منگیتر کے پاس ایک لاکٹ تھا جو انہوں نے انہیں تحفے میں دیا تھا، جس پر ان کی ہونے والی شادی کی تاریخ کندہ تھی۔ انتقال سے قبل ان کے منگیتر نے یہ لاکٹ ایک پاکستانی ڈاکٹر کے حوالے کرتے ہوئے درخواست کی کہ اسے فریال گوہر تک پہنچایا جائے۔اداکارہ کے مطابق کئی برس بعد وہ پاکستانی ڈاکٹر ان سے ملے اور ان کے منگیتر کی آخری نشانی وہی لاکٹ انہیں واپس کردیا۔

فریال گوہر نے اس واقعے کو اپنی زندگی کی ایسی تلخ اور ناقابلِ فراموش یاد قرار دیا جسے وہ آج تک نہیں بھلا سکیں۔

More posts