Baaghi TV

دہشت گرد بیٹے سے والد کا لاتعلقی کا اعلان

سرادرگہ کے رہائشی گلاپ خان نے اپنے دہشت گرد بیٹے اسد اللہ سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیٹا گزشتہ ایک سال سے ایک دہشت گرد تنظیم کے ساتھ وابستہ ہے اور اس نے ایسا راستہ اختیار کیا ہے جس سے خاندان کا کوئی تعلق نہیں۔

گلاپ خان نے بتایا کہ وہ خود اپنے بیٹے کے پاس گئے اور اسے دو ٹوک الفاظ میں آگاہ کیا کہ آج کے بعد نہ وہ اس کے والد ہیں اور نہ ہی اس کی والدہ سے اس کا کوئی تعلق باقی رہا ہے۔انہوں نے کہا، ’’میں نے اپنے بیٹے سے صاف کہہ دیا ہے کہ جن لوگوں کے ساتھ تم نے راستہ اختیار کیا ہے، اب وہی تمہارے والدین ہیں۔ ہمارا تم سے ہر قسم کا تعلق ختم ہو چکا ہے۔‘‘گلاپ خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا راستہ اختیار کرنے والے عناصر نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے معاشرے کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شدت پسند اور دہشت گرد تنظیموں کے جھانسے میں آنے سے گریز کریں اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔

مقامی حلقوں کے مطابق گلاپ خان کے اس اعلان کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف ایک واضح پیغام قرار دیا جا رہا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ معاشرہ دہشت گرد عناصر اور ان کے نظریات کو مسترد کر رہا ہے۔

More posts