وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجٹ دستاویزات اور فنانس بل کے مسودے کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے مالی سال 2026-27 کے لیے پیش کی جانے والی بجٹ تجاویز کی بھی توثیق کر دی، جبکہ وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ پیش کریں گے۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران سیکیورٹی اور رازداری کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے تمام وفاقی وزراء سے اجلاس شروع ہونے سے قبل موبائل فون جمع کرا لیے گئے تاکہ بجٹ سے متعلق معلومات کے قبل از وقت افشا ہونے سے بچا جا سکے۔
وفاقی بجٹ کی منظوری کے بعد وزیرِ خزانہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش کریں گے، جس میں آئندہ مالی سال کے مالی اہداف، ترقیاتی منصوبوں، ٹیکس اقدامات اور مختلف شعبوں کے لیے مختص فنڈز کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔
