Baaghi TV

چین میں امریکی شہری جاسوسی کے الزام میں گرفتار

us

چین نے جاسوسی کے الزام میں میانمار امور کے ماہر امریکی شہری کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے-

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے جمعہ کے روز تصدیق کی کہ امریکی شہری من زن، جو میانمار پر تحقیق کرنے والے ایک تھنک ٹینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں، کو گرفتار کر لیا گیا ہے من زن کو متعلقہ حکام نے قانون کے مطابق “جاسوسی اور چین کی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے” کے شبہے میں فوجداری حراست میں لیا ہے، چین نے اس گرفتاری سے متعلق امریکی قونصل جنرل کو گوانگژو میں آگاہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق من زن کو جنوب مغربی چین کے شہر کنمنگ کے ایئرپورٹ پر اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ وہاں پہنچے تھے اس معاملے سے واقف تین افراد نے بتایا کہ گرفتاری تقریباً دو ہفتے قبل عمل میں آئی تھی، تاہم حساسیت کے باعث انہوں نے شناخت ظاہر نہیں کی۔

من زن، جو میانمار کی 1988 کی جمہوری تحریک میں طلبہ کارکن کے طور پر بھی سرگرم رہے ہیں، نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے سے سیاسیات کی تعلیم حاصل کی وہ اس تھنک ٹینک کے بانیوں میں شامل ہیں جو 2021 کی فوجی بغاوت کے بعد میانمار سے باہر منتقل ہو گیا تھا یہ ادارہ میانمار کی سیاسی صورت حال، فوجی حکومت اور خانہ جنگی سمیت مختلف امور پر تحقیق کرتا ہے، جہاں فوجی حکومت اور جمہوری قوتوں کے درمیان تنازع جاری ہے، چین نے حالیہ عرصے میں میانمار کی نئی انتظامیہ کی کھل کر حمایت کی ہے، جو متنازع انتخابات کے بعد اقتدار میں آئی تھی اور جس میں اپوزیشن جماعتوں کو حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

More posts