Baaghi TV

سرحد پار دہشت گردی پوری قوت سے کچلی جائے گی: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دوٹوک پیغام

‎فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سرگرمیوں سے مکمل طور پر باخبر ہیں اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کا پوری ریاستی طاقت کے ساتھ مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
‎پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹ افسران سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے پیچیدہ اسٹریٹیجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک بصیرت، پیشہ ورانہ مہارت اور مضبوط ادارہ جاتی صلاحیت ناگزیر ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ان کے تمام عزائم ناکام ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گی اور ان کے ٹھکانوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
‎فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم پر قائم ہیں اور ملک کے امن و خوشحالی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دشمنوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔
‎اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جنگیں صرف بیانات یا سیاسی نعروں سے نہیں جیتی جاتیں بلکہ ایمان، اتحاد، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ذریعے کامیابی حاصل کی جاتی ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا بنیادی اصول بنائیں۔
‎آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس میں پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے افسران شریک تھے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت، جدید دفاعی تقاضوں اور قومی سلامتی سے متعلق مختلف امور پر بھی اظہار خیال کیا اور افسران کی پیشہ ورانہ تیاری پر اعتماد کا اظہار کیا۔

More posts