Baaghi TV

پمز کے بعد پولی کلینک میں بھی فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات، سی ڈی اے آڈٹ میں ہوشربا انکشافات

سی ڈی اے کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق پولی کلینک کے مرکزی کچن کے قریب گیس لیکیج پائی گئی، جسے فوری طور پر درست کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہسپتال کے کئی اہم حصوں میں مناسب ایمرجنسی ایگزٹس موجود نہیں، جبکہ متعدد ہنگامی راستے بند یا مختلف رکاوٹوں کی زد میں پائے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہسپتال میں ایمرجنسی لائٹس، ایگزٹ سائنز اور اسمبلی ایریا کے مناسب انتظامات بھی موجود نہیں۔ اس کے علاوہ فائر سیفٹی ٹریننگ اور ابتدائی طور پر آگ بجھانے کے لیے تربیت یافتہ ٹیم کی عدم موجودگی کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

سی ڈی اے آڈٹ کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، سیڑھیوں پر نان سلپ پروٹیکشن نہ ہونے، فائر بلینکٹس اور حفاظتی سامان کی کمی سمیت شیشوں پر اینٹی شٹر پروٹیکشن نہ ہونے کی نشاندہی بھی کی گئی۔ ہسپتال کے اہم حصوں میں فائر کمپارٹمنٹیشن کا مناسب نظام نہ ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

سی ڈی اے نے پولی کلینک کے تمام ایمرجنسی ایگزٹس فوری بحال کرنے، گیس لیکیج اور غیر محفوظ بجلی کی وائرنگ درست کرنے کی ہدایت کی ہے۔ رپورٹ میں فائر الارم، ڈیٹیکشن اور فائر فائٹنگ سسٹمز بھی ترجیحی بنیادوں پر نصب کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

آڈٹ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ پولی کلینک میں فائر اور لائف سیفٹی سے متعلق خامیوں کا فوری ازالہ ضروری ہے، جبکہ اصلاحات مکمل ہونے کے بعد ہسپتال کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا۔

More posts