Baaghi TV

پاک فوج کویتی افواج کی تربیت اور سرحدی دفاع میں معاونت کرے گی، اہم معاہدہ طے پا گیا

پاکستان اور کویت نے دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت پاکستان کویتی مسلح افواج کی تربیت، استعداد کار بڑھانے اور سرحدی انتظام سمیت مختلف دفاعی شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق نیا معاہدہ 2023 کے دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت قائم فریم ورک کو مزید وسعت دے گا۔ پاکستان کویتی مسلح افواج کے اہلکاروں کی تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ سرحدی انتظام اور دیگر دفاعی شعبوں میں بھی تعاون کرے گا۔

دونوں ممالک نے باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر دفاعی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے باہمی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

دوسری جانب کویتی وزیر دفاع کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی، باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان کویت دفاعی تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے ادارہ جاتی روابط اور دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہتے ہوئے اس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

More posts