Baaghi TV

سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری

سعودی عرب میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، عسیر، جازان اور الباحہ سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارش، گرج چمک کے ساتھ طوفان، تیز ہواؤں اور فلیش فلڈ کے خدشے کے پیش نظر ریڈ، اورنج اور یلو الرٹس جاری کردیے گئے ہیں۔

قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بعض علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کے تھنڈر اسٹارم کا امکان ہے، جبکہ ژالہ باری، تیز ہواؤں اور اچانک سیلاب کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

مکہ ریجن کے میسان اور گردونواح کے لیے شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ عسیر کے المجاردہ، رجال المع اور ملحقہ علاقوں میں بھی شدید بارش، گرج چمک اور فلیش فلڈ کے خطرے سے خبردار کیا گیا ہے۔

جازان کے ابو عریش، احد المسارحہ اور گردونواح میں درمیانی شدت کی بارش کے باعث اورنج الرٹ جاری ہے، جبکہ عسیر کے ابہا اور ملحقہ علاقوں میں دھند کے لیے بھی اورنج الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔ جازان کے الدرب، عسیر کے البرک اور مکہ مکرمہ ریجن کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش کے امکان پر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

موسمی پیشگوئی کے مطابق ریاض میں جزوی ابر آلود موسم اور گردوغبار، جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور گردوغبار کا امکان ہے۔ جدہ میں گرج والے بادل، تیز ہوائیں اور گردوغبار متوقع ہیں، جبکہ دمام میں دھند اور جزوی ابر آلود موسم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ابہا اور الباحہ میں درمیانے سے شدید تھنڈر اسٹارم اور تیز ہواؤں، حائل میں گرج والے بادلوں اور تیز ہواؤں، جبکہ جازان اور نجران میں بارش، گرج چمک، تیز ہواؤں اور گردوغبار کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تبوک میں موسم صاف رہنے کی پیشگوئی ہے۔

درجہ حرارت کے حوالے سے دمام میں پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ ریاض، مدینہ منورہ اور بریدہ میں 45، مکہ مکرمہ میں 42، جدہ میں 38، الباحہ میں 31 اور ابہا میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

More posts