Baaghi TV

‎غذر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، دماس میں سیلابی ریلے گھروں اور بازاروں میں داخل

‎غذر: گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے مرکزی علاقے گاہ کوچ کے نواحی گاؤں دماس میں طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ تیز بارش کے باعث پانی آبادی، بازاروں اور زرعی علاقوں میں داخل ہوگیا، جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔
‎مقامی ذرائع کے مطابق اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے متعدد گھروں اور دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مقامات پر آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔
‎شدید بارشوں کے باعث کھڑی فصلوں، باغات اور زرعی زمینوں کو بھی نمایاں نقصان پہنچا ہے، جس سے مقامی کاشتکاروں کو بھاری مالی خسارے کا خدشہ ہے۔ متاثرین نے حکومت سے فوری امداد اور نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔
‎انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، جبکہ ممکنہ مزید بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
‎مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر بروقت حفاظتی اقدامات اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہ کیے گئے تو مزید بارشوں کی صورت میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

More posts