Baaghi TV

لیبیا سے بے دخل 175 پاکستانیوں کا کیس، ایف آئی اے نے 48 مقدمات درج کر لیے

‎لیبیا سے یورپ جانے کی کوشش کے دوران بے دخل کیے گئے 175 پاکستانی شہریوں کے معاملے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے 48 مقدمات درج کر لیے ہیں، جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس اور دیگر افراد کے خلاف تحقیقات کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے۔
‎ایف آئی اے کے مطابق ملک بھر کے سات مختلف زونز میں قائم اینٹی ہیومن اسمگلنگ سیلز نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ مقدمات میں بے دخل کیے گئے افراد کے ساتھ ساتھ انہیں بیرون ملک بھیجنے والے متعدد ایجنٹس کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
‎گوجرانوالہ زون میں سب سے زیادہ 24 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 49 بے دخل افراد اور 37 ایجنٹس کو نامزد کیا گیا ہے۔ اسلام آباد اور کوہاٹ زون میں 9، 9 مقدمات درج ہوئے، جن میں مجموعی طور پر 73 نوجوانوں اور متعلقہ ایجنٹس کو شامل کیا گیا ہے۔
‎فیصل آباد زون میں 3 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 24 بے دخل افراد اور 11 ایجنٹس نامزد ہیں، جبکہ لاہور میں 2 مقدمات میں وطن واپس آنے والے 9 افراد اور 11 ایجنٹس کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے۔
‎اسی طرح پشاور اور کراچی میں ایک، ایک مقدمہ درج کیا گیا، جن میں مجموعی طور پر 44 بے دخل افراد اور 26 ایجنٹس کو نامزد کیا گیا ہے۔
‎ایف آئی اے کے مطابق تمام 175 پاکستانی لیبیا کے ویزے پر وہاں پہنچے تھے اور ان کا مقصد کشتیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر یورپ جانا تھا۔ تاہم لیبی حکام نے قانونی جواز نہ ہونے پر انہیں حراست میں لے لیا اور بعد ازاں 25 مئی کو خصوصی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے پاکستان واپس بھیج دیا۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

More posts