Baaghi TV

کابل، نورستان میں تباہ کن سیلاب، کم از کم 20 افراد جاں بحق، 100 سے زائد لاپتا

افغانستان کے صوبہ نورستان میں پیر کے روز آنے والے شدید سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد افراد لاپتا ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

افغانستان کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق اب تک 20 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں جبکہ 80 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ متاثرین میں صوبائی دارالحکومت پارون سمیت نورستان کے مختلف علاقوں کے رہائشی شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد میں کئی سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں، جن میں پارون کے میئر بھی شامل ہیں۔ نورستان کے گورنر کے ترجمان فریدون صمیم کے مطابق امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم دشوار گزار راستوں اور شدید تباہی کے باعث امدادی سرگرمیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی افراد کے مطابق سیلاب نے پارون کے دریائی کنارے واقع بازار، ہوٹل، درجنوں دکانیں اور میونسپلٹی کی عمارت کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ رہائشی محدود وسائل کے ساتھ ملبے میں اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ سیلابی ریلے اپنے ساتھ بڑے بڑے پتھر بھی لے آئے، جس سے نقصان میں مزید اضافہ ہوا۔

افغان حکومت کے ترجمان نے جانی و مالی نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ ادارے متاثرہ افراد کی جان و مال کے تحفظ اور امدادی کارروائیوں میں بھرپور مصروف ہیں۔دوسری جانب افغانستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں اور طوفانوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعدد صوبوں کے شہریوں کو دریاؤں اور سیلابی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ماہرین کے مطابق افغانستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں حالیہ برسوں میں سیلاب کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ رواں سال اپریل میں آنے والے سیلاب سے تقریباً 150 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ مئی میں بھی شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث کم از کم 24 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

More posts