بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دولت نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں الٹا خود بھارت کو تنہائی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔
برطانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سابق بھارتی انٹیلی جنس چیف نے کہا کہ یہ تاثر کہ پاکستان ٹوٹ جائے گا یا بکھر جائے گا، ایک پرانی اور غیر حقیقی کہانی ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ “پاکستان نہ ٹوٹے گا اور نہ ہی ختم ہوگا، ایسا کبھی نہیں ہونے والا۔”
امرجیت سنگھ دولت کے اس بیان کو خطے کی سیاست اور پاک بھارت تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ وہ بھارت کی حساس ترین خفیہ ایجنسی کے سربراہ رہ چکے ہیں اور جنوبی ایشیا کی سکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہیں۔
انہوں نے اپنے انٹرویو میں اس بات کا بھی اشارہ دیا کہ پاکستان کو مسلسل کمزور یا غیر مستحکم ریاست کے طور پر پیش کرنا زمینی حقائق کے برعکس ہے۔ ان کے مطابق خطے میں مستقل کشیدگی اور محاذ آرائی دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ایک سابق بھارتی خفیہ سربراہ کا یہ بیان اس بیانیے کے برعکس ہے جو بعض حلقوں کی جانب سے برسوں سے پیش کیا جاتا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات جنوبی ایشیا میں بہتر سفارتی ماحول کی ضرورت کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں بھی امرجیت سنگھ دولت کے بیان پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں، جہاں کئی مبصرین اسے ایک حقیقت پسندانہ مؤقف قرار دے رہے ہیں۔
پاکستان کبھی ٹوٹے گا نہیں :را کے سابق سربراہ کا بڑا اعتراف
