Baaghi TV

خیبر میں فرانسیسی خاتون بچوں سمیت بازیاب

balochistan

‎خیبر: باڑہ پولیس نے ضلع خیبر میں ایک گھر پر کارروائی کرتے ہوئے فرانسیسی خاتون کو ان کے بچوں سمیت بازیاب کرا لیا۔ پولیس کے مطابق خاتون نے مبینہ طور پر گھریلو تشدد اور بدسلوکی کی شکایت کی تھی، جس کے بعد فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
‎پولیس حکام کے مطابق 54 سالہ فرانسیسی خاتون نے ایک پاکستانی شہری سے شادی کر رکھی ہے اور وہ پانچ بچوں کی والدہ ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران خاتون نے الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر کی جانب سے انہیں مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور انہیں گھر سے باہر جانے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی تھی۔
‎اطلاعات کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد باڑہ پولیس نے متعلقہ مقام پر چھاپہ مار کر خاتون اور ان کے بچوں کو بحفاظت اپنی تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں متاثرہ خاتون کو بچوں سمیت مزید قانونی کارروائی اور تحفظ کی غرض سے ویمن پولیس اسٹیشن پشاور منتقل کر دیا گیا۔
‎پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور خاتون کے الزامات کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ متعلقہ حکام متاثرہ خاتون اور ان کے بچوں کو ہر ممکن تحفظ اور قانونی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
‎ذرائع کے مطابق اگر تحقیقات میں الزامات درست ثابت ہوئے تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ گھریلو تشدد جیسے واقعات پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ متاثرہ افراد کو فوری تحفظ اور انصاف فراہم کیا جا سکے۔

More posts