Baaghi TV

نعیم قاسم کا اسرائیل کو لبنان چھوڑنے کا مطالبہ

‎بیروت: حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نعیم قاسم نے اسرائیل اور امریکا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف حملے پر آمادہ تو کر لیا، لیکن اس سے انہیں کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا۔ ان کے بقول ایران آج پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہے۔
‎اپنے بیان میں نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل لبنان میں اپنی فوجی موجودگی برقرار نہیں رکھ سکتا اور اسے جنوبی لبنان سے نکلنا ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو لبنان ہر قسم کی جارحیت کا مناسب جواب دے گا۔
‎ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق حزب اللہ کے سربراہ نے اسرائیل کو خطے کا جارح فریق قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے لیے کوئی محفوظ مقام نہیں رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لبنان کی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اسرائیلی کارروائیوں کا جواب دیا جائے گا۔
‎نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے شہری علاقوں پر حملے، بچوں اور عام شہریوں کی ہلاکتیں اور گھروں کی تباہی اس کی طاقت کی علامت نہیں بلکہ عالمی سطح پر اس کی کمزوری اور تنہائی کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے الطاہر خاندان کے واقعے سمیت حالیہ حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی رائے عامہ کے سامنے اسرائیل کا حقیقی چہرہ بے نقاب کر رہے ہیں۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی کارروائیوں کے سامنے خاموشی اختیار کرنا لبنان کی قومی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق مزاحمت اپنی پالیسی سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور حزب اللہ کو اپنی قیادت، عوام اور اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
‎یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے اور اسرائیل، لبنان اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی تناؤ پر عالمی برادری گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

More posts