Baaghi TV

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہوئی تو پورا پاکستان ڈی چوک بنا دیں گے، سہیل آفریدی

‎وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے خبردار کیا ہے کہ اگر جمعرات کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کروائی گئی تو رات 10 بجے پورے پاکستان کو ڈی چوک بنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری وزیراعظم اور حکومتی عہدوں پر موجود افراد پر عائد ہوگی۔
‎اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ جمعرات کو تمام پارلیمنٹرین اڈیالہ جیل جائیں گے، جبکہ اس سے ایک روز قبل سپریم کورٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
‎انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی اس بات کی ضمانت دے رہی ہے کہ ملاقات کے دوران کوئی سیاسی گفتگو نہیں کی جائے گی، اس لیے حکومت فیملی کی گارنٹی تسلیم کرتے ہوئے ملاقات کی اجازت دے۔
‎وزیراعلیٰ نے کہا کہ پارٹی کا بنیادی مطالبہ بانی پی ٹی آئی کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔ ان کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی دونوں کی صحت کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے اور بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق خدشات دور کیے جانے چاہئیں۔
‎سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیا گیا ہے اور وہ ناحق جیل میں قید ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی صحت کی ذمہ داری حکومت، عدلیہ اور جیل انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا نوجوان شدید غصے اور مایوسی کا شکار ہے اور اسے اپنے مستقبل کے حوالے سے تشویش ہے۔ سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ نوجوان بڑی تعداد میں احتجاج کے لیے باہر نکلنے کو تیار ہیں اور 27 ستمبر کو بھی ملک گیر احتجاج متوقع ہے۔

More posts