مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں منگوچر کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق جبکہ دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاندان کار میں سوار ہو کر سفر کر رہا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق ضلع ژوب سے بتایا جا رہا ہے،واقعے کے فوراً بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ جاں بحق ہونے والی خواتین کی لاشوں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی بھی کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات اور حملہ آوروں کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
