راولپنڈی: یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وطن عزیز کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہداء کو شاندار انداز میں سلامی پیش کی۔
ایڈجوٹنٹ جنرل پاکستان آرمی نے بھی یادگارِ شہداء پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اس موقع پر ایڈجوٹنٹ جنرل نے شہداء کے اہلخانہ سے خصوصی ملاقات بھی کی اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے مسائل اور مشکلات توجہ سے سنیں اور پاک فوج کی جانب سے ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی سمیت شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
