خیبر پختونخوا کے سیاحتی علاقے کالام کی وادی مٹلتان میں گلیشیئر ٹوٹنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد اس کی زد میں آ گئے۔ واقعے کے بعد ریسکیو اور مقامی انتظامیہ نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد میں سے 3 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 3 افراد محفوظ رہے۔ ایک شخص تاحال لاپتا ہے، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئیں۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دشوار گزار پہاڑی علاقہ اور گلیشیئر کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم لاپتا شخص کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
مقامی انتظامیہ نے سیاحوں اور شہریوں کو گلیشیئرز اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ موسمی تبدیلیوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے ٹوٹنے اور برفانی تودے گرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل موسم اور مقامی حکام کی ہدایات سے آگاہ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔
کالام کے مٹلتان میں گلیشیئر ٹوٹ گیا، 7 افراد متاثر، ایک لاپتا
