Baaghi TV


سال کے اختتام تک سونے کی قیمت 6,300 ڈالر فی اونس تک جانے کی پیشگوئی

silver

‎عالمی مالیاتی ادارے جے پی مورگن نے سونے کی عالمی قیمتوں سے متعلق نئی رپورٹ جاری کرتے ہوئے پیشگوئی کی ہے کہ رواں سال کے اختتام تک سونا 6,300 ڈالر فی اونس کی سطح تک پہنچ سکتا ہے۔
‎نیویارک میں جاری مارکیٹ بریف کے مطابق مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی مسلسل خریداری اور سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی بنیادی وجوہات قرار دی گئی ہیں۔
‎رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر کے مرکزی بینک اپنے مالی ذخائر میں تنوع پیدا کرنے کے لیے کاغذی کرنسی کے بجائے حقیقی اثاثوں خصوصاً سونے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اندازہ ہے کہ 2026 کے دوران مرکزی بینک مجموعی طور پر تقریباً 800 ٹن سونا خرید سکتے ہیں، جو عالمی طلب کو مزید بڑھائے گا۔
‎دوسری جانب ادارے نے چاندی کی قیمتوں کے حوالے سے محتاط انداز اپنایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق چند ہفتے قبل 122 ڈالر فی اونس کی بلند سطح کو چھونے والی چاندی کی قیمت کم ہو کر تقریباً 76 ڈالر فی اونس تک آ چکی ہے اور توقع ہے کہ یہ 75 سے 80 ڈالر کے درمیان مستحکم رہے گی۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک کی مقامی مارکیٹوں پر بھی براہ راست پڑتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں بین الاقوامی نرخ کم ہونے کے باعث پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں محدود کمی دیکھنے میں آئی تھی، تاہم نئی پیشگوئی کے بعد مستقبل میں دوبارہ اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

More posts