Baaghi TV

حکومتی وفد کی محمود اچکزئی،علامہ ناصر عباس سے ملاقات

اسلام آباد: محمود خان اچکزئی کی دعوت پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ اور طارق فضل چوہدری نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ ناصر عباس بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطوں اور وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ممکنہ ملاقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ محمود خان اچکزئی کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک آئینی مشاورتی خط ارسال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خط اور اس کے تناظر میں ہونے والی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اس دوران سودمند گفتگو کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ممکنہ ملاقات کے لیے جگہ کے تعین کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم کو ملاقات کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے ارسال کیے گئے خط کا جواب بھی دیا جائے گا۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا، باہمی رابطوں اور مشاورت کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

More posts