پی ٹی وی کی معروف سینیئر اداکارہ حمیرا بانو ممکنہ طور پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں، جس کا انہوں نے سوشل میڈیا پر مبہم انداز میں عندیہ دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حمیرا بانو نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی نئی زندگی کے آغاز کا اعلان کیا۔ تاہم اداکارہ نے تصاویر میں اپنے شوہر کا چہرہ نمایاں نہیں کیا۔
حمیرا بانو نے اپنی پوسٹ میں ایک جذباتی پیغام بھی تحریر کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ کبھی انسان اپنے لیے کچھ اور منصوبہ بناتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کی منصوبہ بندی کچھ اور ہوتی ہے اور جب رب ’’کُن‘‘ فرما دے تو منزل آسان ہوجاتی ہے۔
اداکارہ کی جانب سے شادی سے متعلق پوسٹ سامنے آتے ہی شوبز شخصیات، دوستوں اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مایا خان، سباحت بخاری، منسا ملک، عرفان موری والا سمیت متعدد شوبز شخصیات نے سوشل میڈیا پر حمیرا بانو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی اداکارہ کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے خوشیوں، محبت اور کامیابی کی دعائیں کیں۔
حمیرا بانو پاکستانی ٹیلی ویژن کی تجربہ کار اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور پی ٹی وی کے مختلف مقبول ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے ناظرین میں اپنی پہچان بنائی۔ ان کی شادی کی خبر سامنے آنے پر مداحوں کی جانب سے بھی خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
