جی ٹی روڈ گوجرخان شیل پٹرول پمپ پر 2 لاکھ 20 ہزار روپے کی مسلح ڈکیتی، سرکل میں شہری لاکھوں روپے کی نقدی، زیورات، قیمتی سامان سے محروم
پٹرول پمپ، گھروں، موٹر سائیکل اور ڈیلیوری رائیڈر کو نشانہ بنانے والے ملزمان کے خلاف مقدمات درج، پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا
گوجرخان (قمرشہزاد) سرکل گوجرخان میں جرائم پیشہ عناصر ایک بار پھر سرگرم ہو گئے۔ مختلف علاقوں میں مسلح ڈکیتی، چوری اور راہزنی کی متعدد وارداتوں کے دوران شہری لاکھوں روپے نقدی، قیمتی سامان، زیورات اور موٹر سائیکل سے محروم ہو گئے، جبکہ تمام واقعات کے مقدمات درج کرکے پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ پر واقع گاؤں نیو بہگام کے قریب شیل پٹرول پمپ پر ہفتہ کی صبح تقریباً 5 بج کر 15 منٹ پر مسلح ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔ ایک موٹر سائیکل سوار شخص پٹرول ڈلوانے کے بہانے پمپ پر آیا اور اچانک پستول نکال کر عملے کو یرغمال بنا لیا۔ ملزم نے کیشیر پر اسلحہ تان کر کیش کاؤنٹر میں موجود 2 لاکھ 20 ہزار روپے چھین لیے اور فرار ہو گیا۔ پٹرول پمپ انتظامیہ کے مطابق ملزم نے شناخت چھپانے کے لیے ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ جبکہ تھانہ گوجرخان کے نواح جھنڈا، وارڈ نمبر 27 میں نامعلوم چور کامران خان کے گھر سے 1800 پاؤنڈ، طلائی زیورات اور ہیرے کی انگوٹھی چوری کرکے لے گئے۔ ایک اور واقعے میں وارڈ نمبر 19 سے محمد نعمان عطاری کا قیمتی موٹر سائیکل گھر کے باہر سے چوری کر لیا گیا۔ مندرہ کے علاقے جھلیاری معظم شاہ میں دلاور عباس ملک ایڈووکیٹ کے ڈیرے سے تقریباً 2 لاکھ روپے مالیت کے دروازے اور کھڑکیاں چوری کر لی گئیں، جبکہ جاتلی کے نڑالی، فریال روڈ پر پیزا ڈیلیوری رائیڈر عبید اللہ کو تین ملزمان نے روک کر 2 ہزار روپے نقدی اور پیزا چھین لیا اور فرار ہو گئے۔ سرکل پولیس نے تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ مال کی برآمدگی کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
تھانہ گوجرخان، مندرہ، جاتلی کی حدود میں ڈکیتی، چوری اور راہزنی کی وارداتیں
