Baaghi TV

ہارون آباد میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 2 افراد جاں بحق، 2 زخمی

ہارون آباد (محمد عرفان، نامہ نگار باغی ٹی وی) ہارون آباد فورٹ عباس روڈ پر ٹینکی موڑ کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں سوار افراد سڑک پر گر گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سوار ٹکر کے بعد قریب سے گزرنے والے ٹرک کے نیچے آ گئے، جس کے باعث دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو تحویل میں لے کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹینکی موڑ پر ٹریفک کے بہتر انتظامات اور حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔

More posts