Baaghi TV

حکومتی اتحاد میں رہ کر بھی عوامی مسائل پر خاموش نہیں رہے، حسن مرتضیٰ

پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ اتحاد کا حصہ ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی نے کبھی اہم عوامی مسائل پر پردہ نہیں ڈالا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن مرتضیٰ نے پمز سانحے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واقعے کی ذمہ داری سے بچنے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ مؤقف اختیار کرتا ہے کہ پمز سانحہ وزارت صحت کی ذمہ داری نہیں تو اسے عہدے سے استعفیٰ دے کر احتساب کا سامنا کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق حیران کن طور پر ایک ہی واقعے کی تحقیقات کے لیے 5 کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں۔

حسن مرتضیٰ نے دعویٰ کیا کہ موجودہ سیکریٹری صحت کا نام مختلف کرپشن اسکینڈلز کے ساتھ جڑا رہا ہے، ایسے معاملات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر تمام ادارے اور ذمہ داران اپنا کردار درست طریقے سے ادا کریں تو عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی سیاست بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور علاج کے مطالبے تک محدود ہوکر رہ گئی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد میں شامل ہونے کے باوجود عوامی مسائل پر بات کرتی رہے گی۔

More posts