Baaghi TV

پوپ لیو کا ٹرمپ کو دوٹوک جواب، جنگ پر خاموش نہیں رہوں گا

‎کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ لیو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے، جہاں پوپ نے واضح کیا ہے کہ وہ جنگ کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے اور کسی دباؤ یا تنقید سے خوفزدہ نہیں ہیں۔
‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف امریکی اسرائیلی جنگ کی حمایت نہ کرنے پر پوپ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک سخت بیان دیتے ہوئے پوپ کو کمزور قرار دیا اور ان کی خارجہ پالیسی پر بھی سوال اٹھائے۔
‎ٹرمپ نے مزید تنازع اس وقت کھڑا کیا جب انہوں نے اپنی ایک مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصویر شیئر کی جس میں وہ خود کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے روپ میں دکھاتے نظر آئے۔ اس اقدام پر سوشل میڈیا صارفین اور مسیحی برادری کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
‎صدر ٹرمپ نے ایک اور بیان میں کہا کہ پوپ لیو کو صرف اس لیے منتخب کیا گیا کیونکہ وہ امریکی ہیں، اور اگر وہ خود وائٹ ہاؤس میں نہ ہوتے تو لیو ویٹیکن تک نہ پہنچتے۔ اس بیان کو بھی سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
‎دوسری جانب پوپ لیو نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے پر براہ راست بحث میں نہیں پڑنا چاہتے، تاہم وہ جنگ اور تشدد کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں اور انسانیت کو ایک بہتر راستہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
‎الجزائر کے دورے پر روانگی کے دوران میڈیا سے گفتگو میں پوپ نے کہا کہ وہ امن، مکالمے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہب کے پیغام کو غلط طریقے سے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

More posts