لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بارش کے بعد واسا اور ضلعی انتظامیہ نے نکاسی آب کے لیے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
واسا لاہور کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شہر میں اب تک سب سے زیادہ 83 ملی میٹر بارش لکشمی چوک میں ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ چوک ناخدا اور پانی والا تالاب میں 77، 77 ملی میٹر جبکہ سگیاں میں 61.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔واسا کے مطابق دیگر علاقوں میں اپر مال اور فرخ آباد میں 53.2 ملی میٹر، سمن آباد میں 39 ملی میٹر، گلشنِ راوی میں 35.6 ملی میٹر، جیل روڈ پر 30.8 ملی میٹر، شادی پورہ میں 27.6 ملی میٹر، تاج پورہ میں 26.4 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن میں 25.4 ملی میٹر، مغل پورہ میں 24.8 ملی میٹر، نشتر ٹاؤن میں 20.8 ملی میٹر، گلبرگ میں 17 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 15.8 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 13.4 ملی میٹر جبکہ ڈیفنس روڈ پر 7.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے نکاسی آب کے لیے تمام ضلعی وسائل کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر خود فیلڈ آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور واسا کے افسران مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے عمل کی مانیٹرنگ میں مصروف ہیں۔انتظامیہ کے مطابق شہر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ تمام نشیبی علاقوں، مرکزی شاہراہوں اور حساس پانڈنگ پوائنٹس پر واسا کی ٹیمیں، ڈی واٹرنگ پمپس اور مشینری مکمل طور پر الرٹ ہیں۔رین ایمرجنسی پروٹوکول کے تحت شہر بھر کے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کے لیے عملہ تعینات کر دیا گیا ہے اور مشینری کی مدد سے پانی جمع ہونے والے مقامات کو کم سے کم وقت میں کلیئر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ تمام نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، جبکہ نکاسی آب کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہونے دی جائے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بارش سے درپیش مشکلات سے بچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، نکاسی آب کا آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور جلد شہر کے تمام متاثرہ علاقوں کو کلیئر کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود فیلڈ آپریشنز کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عوام کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
