Baaghi TV

حنا جاوید کا بہیمانہ قتل انتہائی افسوسناک ہے، شیری رحمان

sheri rehman

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے راولپنڈی میں گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی حنا جاوید کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا قرار دیا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ گھریلو تشدد کو نجی یا خاندانی معاملہ سمجھ کر نظر انداز کرنا خطرناک ہے، اس سوچ کو معاشرتی سطح پر ختم کرنا ہوگا۔ خواتین کے تحفظ کے لیے قوانین موجود ہیں، تاہم ضرورت ان قوانین پر فوری، مؤثر اور بلاامتیاز عمل درآمد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گھریلو تشدد کے مقدمات میں کم شرحِ سزا تشویش ناک ہے، انصاف کی فراہمی کے لیے ایسے مقدمات کی مؤثر پیروی ضروری ہے۔ پارلیمنٹ اس حوالے سے قانون سازی کر چکی ہے، اب عدالتوں کو بھی ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کے تیز رفتار ٹرائل مکمل کرکے قانون کے مطابق فوری سزائیں سنانا ہوں گی۔سینیٹر شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ حنا جاوید کے قتل کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں اور واقعے کے تمام ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف کسی دباؤ یا رعایت کے بغیر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور جرم ثابت ہونے پر انہیں قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ ایسے سنگین جرائم کی روک تھام ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ تشدد کا شکار خواتین کے لیے فوری قانونی تحفظ، محفوظ پناہ اور مؤثر معاونت کا نظام مزید مضبوط کیا جائے۔ معاشرے میں خواتین کے احترام، تحفظ اور مساوی حقوق کے فروغ کے لیے اجتماعی شعور کو بھی مزید اجاگر کرنا ہوگا۔

More posts