Baaghi TV

ہوٹل میں ویڈیو بنانے پر حنا پرویز بٹ کی یوٹیوبررجب بٹ پر سخت تنقید

پنجاب اسمبلی کی رکن حنا پرویز بٹ نے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کی ایک ویڈیو پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور اخلاقی حدود کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یوٹیوبر رجب بٹ ایک ریسٹورنٹ میں وی لاگ ریکارڈ کر رہے ہیں، جبکہ ان کے پیچھے بیٹھی ایک فیملی واضح طور پر کیمرے کی موجودگی سے بے چینی محسوس کرتی نظر آتی ہے۔ ویڈیو میں پس منظر میں موجود ایک خاتون کو اپنا چہرہ چھپاتے اور کیمرے سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس عمل کو نجی زندگی میں مداخلت اور غیر اخلاقی رویہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مقامات پر بھی لوگوں کی پرائیویسی کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے اپنی ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں کہا کہ یہ ایک "انتہائی شرمناک حرکت” ہے۔ انہوں نے لکھا کہ کچھ افراد بغیر سوچے سمجھے جہاں دل چاہتا ہے کیمرہ آن کر دیتے ہیں اور انہیں اس بات کا احساس نہیں ہوتا کہ اردگرد فیملیز بھی موجود ہوتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے معاشرے میں ایسے افراد کو ہیرو سمجھا جاتا ہے، جو کہ قابل افسوس رجحان ہے۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر پرائیویسی، اخلاقیات اور ڈیجیٹل ذمہ داری کے حوالے سے بحث ایک بار پھر تیز ہو گئی ہے، جہاں صارفین کی بڑی تعداد نے عوامی مقامات پر وی لاگنگ کے اصول و ضوابط بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

More posts