Baaghi TV

صحیح اور مستند روایات پر مشتمل ،تاریخ خلفائے راشدین ،تبصرہ نگار: ارشاد احمد ارشد

اس وقت امت مسلمہ فکری انتشار، اختلاف اور زوال کا شکار ہے اور دشمن درپے آزار ہے ۔امت کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ یہ اتحاد عملی کوششوں اور تحریر وتقریر کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔ ان حالات میں زیر تبصرہ کتاب ’ ’ صحیح اور مستند روایات پر مشتمل تاریخ خلفائے راشدین ‘‘ کا مطالعہ ہر خاص وعام کے لیے بہت اہم ہے ۔یہ کتاب امت کے لئے مینار ہ نور کی حیثیت رکھتی ہے اور زوال کے اس دور میں امت کو مثالی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔’’ خلفائے راشدین ‘‘ کی مبارک زندگیوں ، ادوار ِ خلافت اور طرز خلافت پر لاتعداد کتابیں لکھی گئی اور لکھی جاتی رہیں گی ان میں ایک شاندار اضافہ ’’ صحیح اور مستند روایات پر مشتمل تاریخ خلفائے راشدین ‘‘ ہے ۔ یہ شاندار علمی، تاریخی اور تحقیقی کتاب مفسر قرآن ابو نعمان سیف اللہ خالد کی علمی کاوش ہے جو ان کے گہرے مطالعہ ، دینی بصیرت اور خالص علمی ذوق کی آئینہ دار ہے ۔ ابو نعمان سیف اللہ خالد کا نام علمی حلقوں میں محتاج تعارف نہیں ۔ وہ فہم قرآن کے ماہر مفسر ، مصنف ، معروف خطیب اور پر اثر داعی کتاب وسنت ہیں ۔ وہ تمام مروجہ دینی علوم پر گہری دسترس اور میدان سیاست سے بھی آشنائی رکھتے ہیں ۔ انھوں نے ملکِ عزیز کے نامور علمی و فکری مرکزجامعہ سلفیہ فیصل آباد کی آغوشِ تربیت سے سندِفراغت حاصل کی ۔ وفاق المدارس السلفیہ کے زیرِ اہتمام ایم اے عربی اور ایم اے اسلامیات کے امتحانات میں غیر معمولی کامیابی حاصل کر کے اپنی علمی وجاہت کا لوہا منوایا۔ عربی زبان و ادب پر دسترس حاصل کر نے کیلئے فاضلِ عربی کیا ۔گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن لاہور سے بی ایڈ کی ڈگری حاصل کر کے تدریسی فنون میں مہارت حاصل کی۔ علم کے چشموں سے مزید سیراب ہونے کے لیے بہاولپور یونیورسٹی سے ایم اے اسلامیات کی ایک اور سند اپنے نام کی۔ علم کی شمع روشن کرنے کے لیے ساہیوال کالج میں مسلسل چھ برس تک بطور لیکچرار طلبہ کی علمی و فکری آبیاری کرتے رہے ہیں ۔ ان کی تحریر میں علم کی سنجیدگی، فکر کی پختگی اور اسلوب کی دلکشی یکجا نظر آتی ہے جو قاری کو نہ صرف تاریخ سے روشناس کراتی ہے بلکہ اسے رہنمائی اور بصیرت بھی عطا کرتی ہے۔
ابو نعمان سیف اللہ خالد کئی ایک کتابوں کے مصنف ہیں جیسا کہ ’’ زاد المجاہد ‘‘ ۔۔۔۔’’ صحیح سیرتِ انبیا ‘‘ اور ’’ تفسیر دعوۃ القرآن ۔ پانچ جلدوں اور چار ہزار صفحات پر مشتمل تفسیر’’ دعوۃ القرآن ‘‘ ایک شاہکار تصنیف ہے جس نے اپنے اسلوب، سلاست اور فکری گہرائی کے باعث عوام و خواص دونوں میں قبولِ عام پایا ہے ۔جبکہ زیر تبصرہ تصنیف تاریخِ خلفائے راشدین محض ایک تاریخی کتاب نہیں بلکہ تحقیق، دیانت اور علمی بصیرت کا ایک درخشاں نمونہ ہے۔ یہ کاوش صحیح اور مستند روایات کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے، جس میں عہدِ خلافتِ راشدہ کے حالات و واقعات کو نہایت متوازن، مدلل اور سلیقہ مند انداز میں پیش کیا گیا ہے۔صحیح اور مستند روایات پر مشتمل اپنی نوعیت کی ایک نہایت اہم، وقیع اور علمی کاوش ہے، جو اسلامی تاریخ کے اس درخشاں باب کو معتبر اور مستند انداز میں پیش کرتی ہے جسے خلافتِ راشدہ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
اس کتاب کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا تحقیقی اور مستند اسلوب ہے۔ مصنف نے روایات کے انتخاب میں غیر معمولی احتیاط اور دیانت داری سے کام لیا ہے صرف انہی روایات کو شامل کیا ہے جو معتبر کتبِ حدیث اور مستند تاریخی مصادر سے ثابت ہیں۔ اس طرزِ تحقیق نے کتاب کو عام تاریخی کتب سے ممتاز کر دیا ہے، کیونکہ یہاں محض واقعات کی ترتیب نہیں بلکہ ان کی صحت اور وثقاہت کو بھی بنیادی حیثیت دی گئی ہے۔

کتاب میں خلفائے راشدین سیدنا ابوبکر صدیق، سیدنا عمر فاروق، سیدنا عثمان غنی اور سیدنا علی المرتضی رضی اللہ عنھم کی حیاتِ مبارکہ کو نہایت جامع، مدلل اور متوازن انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ہر خلیفہ کے دورِ خلافت کو اس کے سیاسی، انتظامی، معاشرتی اور روحانی پہلوئوںکے ساتھ بیان کیا گیا ہے جس سے قارئین کو نہ صرف تاریخی معلومات حاصل ہوتی ہیں بلکہ اسے قیادت، عدل اور حکمرانی کے اصول بھی سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ادبی لحاظ سے بھی یہ کتاب ایک اعلی معیار کی حامل ہے۔ اس کا اسلوب نہایت شستہ، رواں اور دلنشین ہے، جو قاری کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے۔ عبارت میں سنجیدگی اور وقار کے ساتھ ساتھ ایک خاص روحانی تاثیر بھی موجود ہے جو قاری کے دل میں خلفائے راشدین کی عظمت اور ان کے کردار کی بلندی کو مزید اجاگر کرتی ہے۔ یہ کتاب محض معلومات فراہم نہیں کرتی بلکہ ایک فکری اور روحانی تربیت کا ذریعہ بھی ہے۔
جذباتی پہلو سے دیکھا جائے تو یہ کتاب قارئین کے دلوں میں اسلامی تاریخ کے اس روشن دور کے لیے محبت، عقیدت اور فخر کے جذبات کو بیدار کرتی ہے۔ خلفائے راشدین کی سادگی، انکساری، عدل پسندی اور اللہ کے حضور جوابدہی کا احساس پڑھ کر انسان خود احتسابی پر مجبور ہو جاتا ہے ۔ سیدنا ابوبکر صدیق کے اخلاص ، سیدنا عمر فاروق کے عدل،سیدنا عثمان غنی کی سخاوت اور سیدنا علی رضی اللہ عنھم کی حکمت و شجاعت کے واقعات دل کو جھنجھوڑ دیتے ہیں اور ایک مثالی معاشرے کی تصویر آنکھوں کے سامنے لے آتے ہیں۔
پروفیشنل نقطہ نظر سے یہ کتاب طلبہ، اساتذہ ، محققین، علما، سیاستدانوں ، حکمرانوں ، عسکری ماہرین، تجزیہ نگاروں اور عام قارئین سب کے لیے یکساں مفید ہے اور عملی رہنمائی پیش کرتی ہے کہ حکمرانی کن اصولوں پر استوار ہونی چاہیے۔ اس میں پیش کیے گئے واقعات اور فیصلے آج کے پیچیدہ معاشرتی اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے بھی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
خلاصہ یہ کہ تاریخِ خلفائے راشدین ایک ایسی کتاب ہے جو علم، تحقیق، ادب اور جذبات کا حسین امتزاج ہے۔ یہ نہ صرف ماضی کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے بلکہ حال کو سنوارنے اور مستقبل کو بہتر بنانے کی بھی راہ دکھاتی ہے۔ ان شاء اللہ یہ کتاب کتب قوم کی فکری رہنمائی اور تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرے گی لہذا ہر خاص وعام کے لیے اس کا مطالعہ ناگزیر ہے ۔خوبصورت وجاذب نظر سرورق، عمدہ طباعت کی حامل 652صفحات پر مشتمل کتاب کی قیمت 2100روپے ہے ۔ یہ کتاب 4۔ لیک روڈ چوبرجی لاہور ، ہادیہ حلیمہ سنٹر اردو بازار لاہور ، الواحد ٹاور ابولحسن اصفہانی روڈ گلشن اقبال پر دستیاب ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کیلئے درج ذیل نمبر 042-37301365پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔

More posts