Baaghi TV

ایرانی اسپیکر کا امریکی وزیر خزانہ کو طنزیہ جواب، ’اسکاٹی! تمہاری ساکھ داؤ پر ہے، کچھ کرو‘

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے ایران سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا ہے، ’’اسکاٹی! تمہاری ساکھ داؤ پر ہے، کچھ کرو۔‘‘

قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسکاٹ بیسنٹ کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے امریکی مؤقف کو مسترد کیا۔ امریکی وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ ایرانی عوام بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ ایرانی حکومت بیرون ملک بھاری رقوم خرچ کر رہی ہے۔

اسکاٹ بیسنٹ نے ایران پر زور دیا تھا کہ وہ اپنے مالی وسائل ایرانی عوام کی ضروریات پر خرچ کرے، نہ کہ مسلح اتحادی گروہوں کی حمایت پر۔

جواب میں محمد باقر قالیباف نے الزام عائد کیا کہ امریکا خود اسرائیل اور بیرون ملک موجود اپنے فوجی اڈوں پر اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکا یہی رقم اپنے عوام کی فلاح پر خرچ کرے تو یہ زیادہ بہتر ہوگا۔

ایرانی اسپیکر نے امریکی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امریکا کو ’’ناکام سلطنت‘‘ بھی قرار دیا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی دباؤ اور پابندیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ ایران اپنے مالی وسائل کا ایک حصہ خطے میں موجود مسلح اتحادی گروہوں کی مدد کے لیے استعمال کرتا ہے، جبکہ تہران امریکی پابندیوں کو ایرانی عوام کے لیے نقصان دہ قرار دیتا ہے۔

قالیباف نے ایک اور بیان میں کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ جاری ’’مکمل پیمانے کی اقتصادی جنگ‘‘ میں امریکا کو شکست سے دوچار ہوتے دیکھے گا۔

More posts