Baaghi TV

ملتان میں خلع لینے پر شوہر کی مبینہ فائرنگ، بیوی جاں بحق، ساس زخمی

پولیس کے مطابق ملتان کے علاقے محلہ خواجہ غریب نواز میں شوہر نے مبینہ طور پر گھریلو رنجش پر سسرال میں داخل ہوکر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اس کی بیوی آمنہ جاں بحق جبکہ ساس عابدہ مائی شدید زخمی ہوگئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آمنہ اپنے شوہر محمد رحیم سے ناراض ہوکر کچھ عرصے سے والدین کے گھر رہ رہی تھی۔ اس نے شوہر سے علیحدگی کے لیے فیملی کورٹ میں خلع کا دعویٰ بھی دائر کر رکھا تھا۔

پولیس کے مطابق اسی رنجش کی بنا پر محمد رحیم نے مبینہ طور پر سسرال پہنچ کر فائرنگ کی۔ گولیاں لگنے سے آمنہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کی والدہ عابدہ مائی شدید زخمی ہوگئیں، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

More posts