چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے راولپنڈی میں خاتون حنا جاوید کے قتل کے افسوسناک واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا اور متاثرہ خواتین کو خاموش رہنے کے بجائے فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنا چاہیے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ حنا جاوید کے گھریلو تشدد کے نتیجے میں قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارر وائی کرتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کیا، وہ حنا جاوید قتل کیس کے حوالے سے سی پی او راولپنڈی سے مسلسل رابطے میں رہیں اور متعلقہ حکام سے معا ملے پر پیشرفت سے آگاہی حاصل کرتی رہیں۔
حنا پرویز بٹ نے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے ہر ممکن قانونی اقدام یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں،ان شا اللہ ملزمان اپنے انجام کو پہنچیں گے اور حنا جاوید اور اس کے لواحقین کو انصاف ضرور ملے گا
انہوں نے گھریلو تشدد کا شکار خواتین پر زور دیا کہ وہ خاموشی سے تشدد برداشت نہ کریں، کیونکہ خاموش رہنے سے تشدد کا سلسلہ رکنے کے بجائے بعض اوقات مزید سنگین صورت اختیار کرسکتا ہے،حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ مسلسل گھریلو تشدد بعض اوقات حنا جاوید جیسے المناک واقعات کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے تشدد کے کسی بھی واقعے کو معمولی سمجھنے کے بجائے بروقت متعلقہ اداروں کو اطلاع دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور ویمن پروٹیکشن سنٹرز خواتین کو گھریلو تشدد کے خلاف مسلسل آگاہی فراہم کر رہے ہیں اور خواتین کو تحفظ اور قانونی معاونت کے حوالے سے بھی رہنمائی دی جارہی ہے، گھریلو تشدد کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں، بروقت شکایت نہ صر ف گھریلو تشدد کی حوصلہ شکنی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ کسی بڑے سانحے کو روکنے کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔
