Baaghi TV

امام الحق کی مبینہ جعلی انجری کا معاملہ، پی سی بی انکوائری رپورٹ سامنے آگئی

قومی بلے باز امام الحق کی مارچ 2025 میں دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ہونے والی مبینہ انجری سے متعلق پی سی بی کی انکوائری رپورٹ سامنے آگئی، جس میں انہیں جعلی انجری کا ذمہ دار قرار دیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 28 مارچ 2025 کو نیٹ سیشن کے دوران امام الحق کے پاؤں پر گیند لگی تھی، تاہم ایکسرے میں کسی فریکچر کے شواہد نہیں ملے تھے۔ انکوائری کمیٹی نے دعویٰ کیا کہ امام الحق کے انگوٹھے پر دکھائی دینے والا سیاہ نشان قدرتی خون نہیں بلکہ سیاہی یا مارکر سے بنایا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق نے کمیٹی کے سامنے انگوٹھے پر کسی مصنوعی مادے کے استعمال سے انکار کیا، تاہم کمیٹی نے ان کی وضاحت کو طبی شواہد اور ایکسرے رپورٹ سے متصادم قرار دیا۔

رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ امام الحق نگرانی میں لنگڑاتے ہوئے چلتے تھے، جبکہ نظروں سے اوجھل ہونے پر معمول کے مطابق چلتے دکھائی دیتے تھے۔ ڈاکٹرز کی جانب سے منع کیے جانے کے باوجود انہوں نے مبینہ طور پر تقریباً 500 میٹر پیدل سفر کیا اور افطار ڈنر میں بھی شرکت کی۔

انکوائری کمیٹی کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے امام الحق کو ان فٹ قرار دینے کی کوئی طبی بنیاد موجود نہیں تھی۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے امام الحق پر تمام فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی پر پابندی عائد کرنے کی سفارش بھی کی تھی۔

ذرائع کے مطابق امام الحق پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ کی تیز اور مشکل پچز پر اوپننگ کرنے سے بچنا چاہتے تھے۔ تاہم پی سی بی نے بعد میں انہیں معاف کردیا، جس کے بعد ان کی دوبارہ قومی ٹیم میں سلیکشن کی راہ ہموار ہوئی۔

دوسری جانب گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں ٹیم کو ان کی ضرورت کے باوجود امام الحق بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں اترے۔ انہیں لارڈز ٹیسٹ کے دوران پنڈلی کی انجری ہوئی تھی، جس کے باعث ان کی موجودہ انجری بھی ماضی کے مبینہ واقعے کے تناظر میں سوالات کی زد میں آگئی ہے۔

More posts