متحدہ عرب امارات میں ویزا مسائل کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے دبئی امیگریشن نے اہم سہولتوں کا اعلان کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دبئی امیگریشن کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ جن افراد کو ویزا سے متعلق کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا ہے، وہ بلا تاخیر دبئی امیگریشن کے الویر سینٹر سے رابطہ کریں اور اپنی مشکلات سے آگاہ کریں تاکہ انہیں فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی امیگریشن کا مقصد کسی بھی ضرورت مند شخص کو مشکلات میں تنہا نہ چھوڑنا ہے۔ اگر کسی کے پاس رہنے کی جگہ موجود نہیں تو اسے عارضی رہائش فراہم کی جائے گی، جبکہ خوراک کی ضرورت ہونے پر مفت کھانے کا بھی انتظام کیا جائے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے مزید بتایا کہ ضرورت مند افراد کے لیے مفت طبی معائنہ بھی دستیاب ہوگا، جبکہ دانتوں کے علاج سمیت دیگر بنیادی طبی سہولیات بھی بغیر کسی فیس کے فراہم کی جائیں گی تاکہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جو وطن واپسی میں قانونی یا انتظامی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ان کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے ان کی واپسی کا عمل آسان بنایا جائے گا۔
دبئی امیگریشن نے اس موقع پر ایک نئے رہنمائی مرکز کے قیام کا بھی اعلان کیا، جہاں دبئی میں پھنسے ہوئے سیاحوں اور ملازمت کی تلاش میں آنے والے افراد کو قانونی رہنمائی، مشاورت اور ضروری معاونت فراہم کی جائے گی۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری کا کہنا تھا کہ دبئی آنے والے سیاح اور ملازمت کے متلاشی افراد ہمارے مہمان ہیں، اس لیے ان کے مسائل کا حل اور ان کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام متاثرہ افراد پر زور دیا کہ وہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں متعلقہ حکام سے رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔