Baaghi TV

اقلیتی طلبہ کے لیے مذہبی تعلیم کی درسی کتب کا نفاذ تاریخی قدم ہے، شکیلہ جاوید آرتھر

لاہور: پنجاب اسمبلی کی رکن شکیلہ جاوید آرتھر نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے سکولوں میں پہلی سے گیارہویں جماعت تک غیر مسلم اقلیتی طلبہ و طالبات کے لیے ان کے اپنے مذاہب کے مطابق مذہبی تعلیم کی درسی کتب کا نفاذ یکساں حقوق اور تعلیمی شمولیت کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شکیلہ جاوید آرتھر، رکن پنجاب اسمبلی فیصل اکرام، وائس چیئرپرسن PECTAA نوشین عدنان، پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم اور مختلف مذہبی و علمی شخصیات نے کہا کہ غیر مسلم طلبہ کے لیے مذہبی تعلیم کی درسی کتب متعارف کرانے کی منظوری کے بعد اس کے عملی نفاذ کے تمام مراحل مکمل کر لیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ماضی میں غیر مسلم طلبہ کے لیے اسلامیات کے متبادل کے طور پر اخلاقیات کا مضمون پڑھایا جاتا تھا، تاہم اب ان کے اپنے عقائد اور مذاہب کے مطابق باقاعدہ مذہبی تعلیم کو نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ سات اقلیتی مذاہب سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے ان کے عقائد کے مطابق کتب فراہم کی جائیں گی، جن میں مسیحیت، ہندو مت، سکھ مت، کیلاش مذہب، بہائی مذہب، پارسی مذہب اور بدھ مت شامل ہیں۔شکیلہ جاوید آرتھر نے کہا کہ غیر مسلم اقلیتوں کے لیے مذہبی تعلیم کا مطالبہ طویل عرصے سے کیا جا رہا تھا اور ماضی میں بھی مختلف اداروں، شخصیات اور پارلیمان کی جانب سے اس حوالے سے کوششیں کی گئیں۔ انہوں نے سائبان پاکستان اور پیغام پاکستان سمیت ان اداروں اور ریاستی حلقوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مذہبی رواداری، قومی ہم آہنگی اور بین المذاہب احترام کے فروغ کے لیے کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب ان کے لیے قابل احترام ہیں اور پاکستان میں تمام شہریوں کے درمیان ہم آہنگی، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ تعلیم نے اقلیتی مذاہب کے مذہبی رہنماؤں اور اسکالرز کی مشاورت سے کتب اور نصاب تیار کیا ہے تاکہ درسی مواد میں متعلقہ مذاہب کے عقائد کی درست عکاسی یقینی بنائی جا سکے۔پریس کانفرنس کے شرکا نے بتایا کہ تعلیمی سیشن 2026-27 سے ان مضامین کو باقاعدہ طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز اور سرکاری تعلیمی اداروں کو نوٹیفکیشن جاری کرکے اس پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔شکیلہ جاوید آرتھر نے حکومت پاکستان، حکومت پنجاب، محکمہ تعلیم، سکیورٹی اداروں، مذہبی رہنماؤں، مصنفین، اسکالرز اور تمام متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام پاکستان کو امن، مذہبی ہم آہنگی، برداشت، بھائی چارے اور قومی رواداری کا گہوارہ بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

More posts