Baaghi TV

عامر خان کو دھمکی آمیز آڈیو کیس میں اہم پیش رفت

aamir khan

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کو موصول ہونے والی دھمکی آمیز آڈیو کے معاملے میں تحقیقات کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ابتدائی تفتیش میں آڈیو پیغام کے ذریعے استعمال ہونے والے تکنیکی ذرائع سے متعلق اہم شواہد حاصل کر لیے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق دھمکی آمیز آڈیو پیغام بھیجنے کے لیے مبینہ طور پر سویڈن میں قائم وی پی این استعمال کیا گیا، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں آئی پی ایڈریس سویڈن سے ٹریس ہوا ہے۔ تاہم حکام کو شبہ ہے کہ اصل مقام اور شناخت چھپانے کے لیے وی پی این کے ساتھ ٹور براؤزر بھی استعمال کیا گیا۔

تحقیقات کے مطابق وائرل آڈیو پیغام کو مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے جوڑا جا رہا ہے۔ آڈیو میں خود کو "آرزو بشنوئی” ظاہر کرنے والے شخص نے عامر خان پر "لو جہاد” کو فروغ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس آڈیو پیغام بھیجنے والے شخص کی شناخت اور اس کے اصل مقام کا تعین کرنے کے لیے مختلف تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔

یاد رہے کہ عامر خان کو 18 جولائی کو مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک افراد کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے دھمکی موصول ہوئی تھی، جس میں ان پر "لو جہاد” کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دھمکی کو عامر خان کی اپنی دیرینہ ساتھی گوری سپراٹ سے حالیہ شادی کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔

More posts