انسٹا گرام نے صارفین کے لیے ایک نئی اور منفرد ایپ “انسٹنٹس” متعارف کرا دی ہے، جس کا مقصد حقیقی زندگی کے لمحات کو فوری اور قدرتی انداز میں شیئر کرنا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس نئی ایپ میں صارفین ایسی تصاویر شیئر کر سکیں گے جو ایک بار دیکھے جانے کے بعد خودکار طور پر غائب ہو جائیں گی، جبکہ اگر تصویر نہ دیکھی جائے تو وہ صرف 24 گھنٹوں تک دستیاب رہے گی۔
انسٹنٹس ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں تصاویر کو ایڈٹ کرنے کی سہولت موجود نہیں ہوگی۔ صارف صرف ایک کلک کے ذریعے تصویر کھینچ کر فوراً شیئر کر سکیں گے، تاکہ تصاویر زیادہ قدرتی اور حقیقی محسوس ہوں۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ فون گیلری میں موجود پرانی تصاویر اپ لوڈ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام تصاویر صرف ایپ کے اندر موجود کیمرے کے ذریعے ہی لی جا سکیں گی۔ البتہ صارفین تصاویر پر مختصر ٹیکسٹ ضرور شامل کر سکیں گے، لیکن فلٹرز یا دیگر ایڈیٹنگ فیچرز دستیاب نہیں ہوں گے۔
انسٹا گرام کے مطابق اس ایپ کو خاص طور پر “ریئل لائف شیئرنگ” کے تصور کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ لوگ بغیر مصنوعی فلٹرز کے اپنی اصل زندگی کے لمحات دوستوں اور فالوورز کے ساتھ شیئر کر سکیں۔
کمپنی نے بتایا کہ انسٹنٹس ایپ کو الگ سے استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ انسٹا گرام کے اندر بھی استعمال کیا جا سکے گا۔ صارفین انسٹا گرام ان باکس کے نیچے دائیں کونے میں انسٹنٹس فیچر دیکھ سکیں گے، جہاں وہ منتخب افراد کو تصاویر بھیج سکیں گے۔
سکیورٹی اور پرائیویسی کے حوالے سے کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ انسٹنٹس تصاویر کے اسکرین شاٹس لینا ممکن نہیں ہوگا۔ تاہم اگر کسی صارف نے تصویر خود بھیجی ہو تو وہ اسے ایک پرائیویٹ فولڈر میں محفوظ کر سکے گا۔
انسٹا گرام کی نئی ایپ “انسٹنٹس” متعارف، تصاویر خودکار طور پر غائب ہو جائیں گی
