Baaghi TV

مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن العزم کے تحت ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کرتے ہوئے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے، جبکہ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دہشت گردوں کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے، جبکہ متعدد دیگر دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی سہولت کاری میں مبینہ طور پر ملوث متعدد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل نگرانی برقرار رکھی گئی ہے۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں حالیہ دہشت گردانہ کارروائیوں کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی گئی ہے، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں امن و امان کے قیام تک ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اور بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور ریاست دشمن عناصر کے عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ "فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کا ناپاک گٹھ جوڑ وطن عزیز کے امن کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔”

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی کامیاب کارروائی پر مبارکباد
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی مستونگ میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کے تعاون سے امن دشمن عناصر کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ "بھارتی سرپرستی میں سرگرم عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ پاکستان کے امن اور استحکام کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔” انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے صوبائی حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

More posts