وزیر داخلہ کا سی ڈی اے سہولت سنٹر میں ایجنٹس کی موجودگی کا سخت نوٹس، ایجنٹس کیخلاف فوری کارروائی کا حکم دیدیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ شہریوں کو غیر ضروری انتظار اور دقت کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔اسلام آباد میں سی ڈی اے سہولت سنٹر کے اچانک دورہ کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے وہاں موجود شہریوں سے براہِ راست مسائل دریافت کیے۔وزیر داخلہ نے سہولت سنٹر میں ایجنٹس کی موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سہولت سینٹر میں کوئی ایجنٹ نظر نہیں آنا چاہیے۔وزیرداخلہ نے سینئر سٹیزن کاونٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں، بزرگ شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی، محسن نقوی نے کاونٹرز پر لمبی قطاروں،رش اور انتظار پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے عمارت کی تزئین و آرائش کے ساتھ نئے کاؤنٹرز بنانے کے احکامات بھی دئیے۔شہریوں نے وزیر داخلہ سے شکایت کی کہ سہولت سنٹر کا نظام اب بھی مینول ہے، مکمل ڈیجیٹلائزیشن نہیں ہوئی۔مقررہ تاریخ پر ضروری دستاویزات فراہم نہیں کی جاتیں، بار بار آنا پڑتا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عوام کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔شہریوں کو غیر ضروری انتظار اور دقت کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔مقررہ تاریخ پر دستاویزات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کے مسائل کا فوری اور شفاف حل یقینی بنایا جائے، سہولت سینٹر کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جائے۔ایک ماہ کے اندر واضح بہتری نظر آئے گی۔
