ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا کی جانب سے ایران اور خطے کے بعض دیگر ممالک کے خلاف استعمال کی جانے والی دھمکی آمیز زبان کی شدید مذمت کی ہے۔
ایرانی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کی اشتعال انگیز پالیسی خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔
اسماعیل بقائی نے بندر عباس کے ساحلی شہر پر امریکا کے حالیہ حملوں کی بھی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں ایران کی علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی واضح خلاف ورزی ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق امریکا کی فوجی کارروائیاں خطے میں کشیدگی بڑھانے اور سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہی ہیں۔
ترجمان نے زور دیا کہ ایران اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کیلئے ہر ممکن اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
مبصرین کے مطابق بندر عباس اور آبنائے ہرمز کے قریب بڑھتی ہوئی عسکری سرگرمیوں نے خلیجی خطے میں تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی عالمی تیل منڈیوں اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
دوسری جانب عالمی برادری خطے میں بڑھتے تناؤ کے خاتمے اور سفارتی حل پر زور دے رہی ہے تاکہ کسی بڑے تصادم سے بچا جا سکے۔
امریکی دھمکیوں اور بندر عباس حملوں کی شدید مذمت
