ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی وزیر دفاع امیر نصیر زادہ اور پاسداران انقلاب کے سربراہ محمد پاکپور کی شہادت کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں دونوں اعلیٰ ایرانی شخصیات جاں بحق ہو گئی ہیں یہ دعویٰ اسرائیلی فوجی کارروا ئیوں سے باخبر دو ذرائع اور ایک علاقائی ذریعے نے کیا ہے تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈرز اور بعض سیاسی حکام کی ہلاکت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، ایران نے ان حملوں کے جواب میں اپنی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے اسے “آپریشن وعدہ صادق 4” کا نام دیا ہے ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خطے میں موجود کئی امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ جن میں بحرین میں تعینات امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ بھی شامل ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی اڈوں کے علاوہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں (اسرائیل ) کے مرکزی فوجی مراکز کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی امریکی افواج اور اسرائیلی حکومت کے خلاف کی جا رہی ہے اور اس کے تحت دشمن کے علاقائی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں ایرانی فوج نے عندیہ دیا ہے کہ میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔