Baaghi TV

ایران نے پاکستان کو خطے کا اہم اور قریبی دوست ملک قرار دے دیا

pak iran flag

اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان کو خطے کا ایک اہم اور قابلِ اعتماد دوست ملک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف اور ایران کے قائم مقام وزیر دفاع کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، غزہ کی صورتحال اور اسلامی دنیا میں امن و استحکام کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو کے دوران دونوں وزرائے دفاع نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور تعاون ناگزیر ہے۔ اس موقع پر علاقائی سلامتی کے فروغ اور خطے میں ایک مؤثر مشترکہ سیکیورٹی نظام کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ایرانی قوم کی مزاحمت اور استقامت کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو برادرانہ اور تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ایرانی قائم مقام وزیر دفاع نے مختلف مواقع پر پاکستان کی جانب سے ایران کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کو خطے میں امن، استحکام اور تعمیری کردار ادا کرنے والا اہم ملک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران خطے میں پائیدار امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے اور اسلامی دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دیں گے۔

More posts